پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے خطے گواڈیلوپ میں ایک حیران کن اورغیرمعمولی واقعہ پیش آیا جہاں 69 سالہ دادا نے اپنے قیدی پوتے سے ملنے کیلئے خود کو گرفتار کروالیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دادا جو ایک سابق فائرفائٹر ہیں اور جن کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں نے ایک سپرمارکیٹ لوٹی جو پولیس سٹیشن کے قریب واقع تھی واردات کے بعد وہ موقع پر ہی کھڑے رہے تاکہ پولیس انہیں فوراً گرفتار کر لے۔
واقعے کے دوران دادا نے کچھ نقدی، ایک ٹکڑا پنیر اور ایک بوتل شراب لی، پولیس نے انہیں اُس وقت پکڑا جب وہ اطمینان سے پارکنگ کی طرف جا رہے تھے انکے رویے سے واضح تھا کہ وہ جان بوجھ کر گرفتاری دینا چاہتے ہیں۔
عدالت نے ملزم دادا کو 15 ماہ قید کی سزا سنائی، جن میں سے 5 ماہ معطل کر دیئے گئے ہیں، عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی حکم دیا کہ وہ متاثرین کو معاوضہ ادا کریں، نفسیاتی علاج کرائیں اورسپرمارکیٹ کے قریب نہ جائیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت نے ان کے پوتے سے قانونی ملاقات کے حق کو تسلیم کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق دادا نے یہ قدم پوتے کی دیکھ بھال اورحفاظت کے جذبے کے تحت اٹھایا کیونکہ وہ قانونی یا رسمی ذرائع سے اس سے رابطہ نہیں کرپا رہے تھے۔
یہ واقعہ فرانس میں انسانی جذبے اور خاندانی تعلقات کی ایک غیرمعمولی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔