غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی جاری رکھنے کا اعلان، شہداء کی تدفین کے بعد مظاہرین ایک بار پھر اسرائیلی سرحد پر پہنچنا شروع ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی سسکیوں اور نعروں کی گونج میں تدفین کی گئی۔ غزہ میں ہزاروں افراد نے شہدا کے جنازے میں شرکت کی اور اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔ اسرائیلی سرحد کے قریب قائم احتجاجی کیمپ میں آج حالاتپر امن رہے تاہم بکتر بند گاڑیوں اور آتشیں ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی فوج سرحد پر تعینات ہے۔
شہدا کی تدفین کے بعد فلسطینی ایک بار پھر احتجاجی کیمپ کا رخ کرنے لگے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گزشتہ روز پر امن مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے17 فلسطینی شہید اور 14 سو زخمی ہو گئے تھے۔