میزائل ٹیکنالوجی: پاکستان کے برآمدی کنٹرول اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہیں

Last Updated On 31 March,2018 04:36 pm

اسلام آباد (روزنامہ دنیا) تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کا عزم کر رکھا ہے۔ عالمی ادارے کو یقین دہانی "ایم ٹی سی آر" وفد کا دورہ پاکستان، ڈی جی اسٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول نے بریفنگ دی۔

پاکستان نے میزائل ٹیکنالوجی کی روک تھام کے عالمی ادارے "ایم ٹی سی آر" کو یقین دلایا ہے کہ اس کے برآمدی کنٹرول کے اقدامات عالمی ادارے کے معیار کے عین مطابق ہیں۔ سرکاری بیان کے مطابق عالمی ادارے کے وفد نے 29 مارچ کو پاکستان کا دورہ کیا اور دفتر خارجہ میں مذاکرات کیے۔ گزشتہ تین برسوں میں ادارے کے وفد کا یہ مسلسل تیسرا دورہ ہے۔ میزائل ٹیکنالوجی کے برآمدی کنٹرول کے بارے میں پاکستان کے اقدامات اور خطہ میں سلامتی کے حوالے سے رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی۔

دفتر خارجہ کے ڈی جی برائے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول نے پاکستانی وفد کی قیادت کی اور بریفنگ دی۔ وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان کے برآمدی کنٹرول کے اقدامات عالمی ادارے کے معیار کے مطابق ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور ان کے ڈلیوری نظاموں پر کنٹرول کا عزم کر رکھا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی ترقی پذیر ملکوں کو ٹیکنالوجی تک رسائی سے بھی نہیں روکا جانا چاہیے تاکہ وہ سماجی و معاشی ترقی کر سکیں۔