مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں مسافر جیپ کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ زخمی افراد میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
وادی نیلم میں مسافر وین برفانی تودہ لگنے سے 700 فٹ بلندی سے دریائے نیلم میں جا گری۔ جیپ میں سوار 5 مسافر موقع پر ہی جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
حادثے کی جگہ سے 5 افراد کی لاشیں اور 6 زخمی افراد کو مقامی لوگوں نے پاک فوج کی مدد سے نکالا۔ زخمی افراد کو کیل ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
مرنے والوں میں سے دو مسافروں کا تعلق چترال اور سرگودھا سے تھا جبکہ باقی تین تاوبٹ وادی نیلم کے رہائشی تھے۔ انتظامیہ نے لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں جن کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کر دی گئی۔