لاہور(اکنامک رپورٹر سے ) بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ کرکٹ جلد بحال کرنے کی کوشش کریں گے ،پاکستان اور بھارت کے مسائل ایسے نہیں جو حل نہ ہوں، حالات سازگار کرنا پڑیں گے، ویزا کے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے۔
وہ لاہور چیمبر آف کامرس کے دورے کے دوران تاجروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2013 کے بعد کوئی بھی دو طرفہ سیریز منعقد نہیں ہوئی جبکہ دونوں ٹیموں کو آخر ٹاکرا گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی میں ہوا جس کے فائنل میچ میں پاکستان بھارت کے خلاف فاتح رہا۔
ویکیپیڈیا: پاکستان اور بھارت کے درمیان ابھی تک کھیلے جانے والے دو طرفہ سیریز کی تفصیلات
بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ ویزاکے مسائل جلد حل کر لئے جائیں گے ۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاک بھارت باہمی تجارت کا حجم 50 سے 80 ارب ڈالرز تک پہنچانے کے مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر طاہر جاوید ملک نے کہاکہ سارک ممالک میں باہمی تجارت اوراقتصادی معاملات پاک بھارت تعلقات پر منحصر ہیں دونو ں ممالک کے حالات بہتر ہونگے تو خطہ ترقی کرے گا۔