کابل (دنیا نیوز ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں اکیس افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے،
اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش حملہ آوروں نے افغان خفیہ ادارے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا جس سے 21 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے اور جائےوقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ ابھی تک کسی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دونوں دھماکوں میں کے درمیان معمولی وقفہ تھا جبکہ دوسرے دھماکے کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں ایک صحافی بھی شامل تھا۔ کابل ایمبولینس سروس کے سربراہ محمد عاصم نے بتایا کہ پہلے دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے اور دوسرے دھماکے میں 13لوگوں کی جانیں گئیں جن میں ایک صحافی بھی شامل تھا۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کا انعقاد اکتوبر میں ہو رہا ہے اور حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق ان انتخابات سے قبل کابل اور دیگر شہروں میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔