مقبوضہ بیت المقدس: امریکی سفارتخانے کا افتتاح، اسرائیلی فائرنگ سے 41 فلسطینی شہید

Last Updated On 14 May,2018 10:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینی سراپا احتجاج، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے گولیوں کی بوچھاڑ کر دی، شہداء کی تعداد 41 ہو گئی، نو سو سے زائد زخمی ہیں۔

امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطین میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کی پٹی میں ہزاروں افراد اسرائیلی سرحد پر پہنچ گئے اور شدید احتجاج کیا۔ اسرائیلی فورسز نے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔ صیہونی افواج کی گولہ باری سے لاشوں پر لاشیں گر رہی ہیں اس کے باوجود فلسطینی ڈٹے ہوئے ہیں۔ شہداء میں 12 اور 14 سال کے بچے بھی شامل ہیں جنہیں براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، مغربی کنارے اور بیت الحم میں بھی متعدد مقامات پر مظاہرے اور جھڑپیں ہوئیں۔

بیت المقدس میں فلسطینی امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی تو اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کے شیلز کا بے دریغ استعمال کیا۔ غزہ کی پٹی میں عارضی میڈیکل کیمپ اور اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق زخمیوں میں 23خواتین، 18 بچے اور 8 صحافی بھی شامل ہیں۔