یوٹیوب نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

Last Updated On 14 May,2018 07:55 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ویب سائٹ یوٹیوب نے صارفین کے وقت کو بچانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یوٹیوب نے ایسا فیچر متعارف کرا دیا ہے جو صارف کو بار بار خبردار کرے گا، یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کے دوران صارفین کی سکرین پر بار بار میسج آتا رہے گا کہ آپ کافی دیر سے ویڈیوز دیکھ رہے ہیں لہذا اپنا کام کرلیں، یہ فیچر صارف کو اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کرنا ہوگا۔

گوگل انتظامیہ کا ماننا ہے کہ صارفین انٹرنیٹ استعمال کرتے اور خصوصاً ویڈیوز دیکھتے ہوئے اپنا قیمتی وقت ضائع کرکے ضروری کام تک کو بھول جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین کی خاصی بڑی تعداد ویڈیوز کی تلاش یا شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب ویب سائٹ کا سہارا لیتی ہے، ایک محتاط اندازے کے مطابق یومیہ لاکھوں لوگ یوٹیوب پر آتے اور ویڈیوز دیکھتے ہیں۔

اس فیچر کو ایکٹیو کرنے کے لیے یوٹیوب ایپ کی پروفائل سیٹنگ میں جاکر جنرل میں آپ کو "ریمائنڈر می ٹو بریک" کے نام سے ایک آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرنے کے بعد آپ ٹائم سیٹ کرسکیں گے۔ مثلا اگر آپ نے 15 منٹ کا آپشن سلیکٹ کیا تو وقت گزرتے ہی موبائل سکرین پر میسج نمایاں ہوجائے گا۔