شہزادہ ہیری کی منگیتر میگن مارکل کون ہیں؟

Last Updated On 19 May,2018 05:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) میگن مارکل برطانوی شاہی خاندان کی اب تک کی بہوؤں سے الگ ہیں۔ وہ نہ صرف ایک اداکارہ ہیں بلکہ امریکی بھی ہیں۔ وہ طلاق یافتہ ہونے کے علاوہ مخلوط النسل بھی ہیں

میگن مارکل 4 اگست، 1981 کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں۔ اُن کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ ایک سماجی کارکن اور یوگا انسٹرکٹر ہیں جبکہ اُن کے والد ٹامس مارکل ایک فلم سٹودیو میں لائیٹگ ڈائریکٹر تھے۔ میگن کے والد سفید فام امریکی ہیں جبکہ اُن کی والدہ سیاہ فام امریکن ہیں۔ اُن کے والدین میں اُس وقت طلاق ہو گئی جب وہ صرف چھ برس کی تھیں۔ اُن کے والد کی طرف سے اُن کا ایک سوتیلا بھائی ٹامس مارکل جونیئر اور سوتیلی بہن سمینتھا گرانٹ ہیں۔

مارکل ہالی ووڈ میں پلی بڑھیں اور اُنہوں نے وہاں نجی سکول میں تعلیم حاصل کی۔ بعد میں اُنہوں نے تھیٹر اور انٹرنیشنل سٹڈیز میں بیچلر ڈگری حاصل کی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد میگن نے اداکاری کا پیشہ اپنایا اور متعدد ٹیلی ویژن ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کی۔ ان کے والد 80 کی دہائی کے مشہور شو  میریڈ ود چلڈرن  میں سنیماٹوگرافر تھے اور میگھن امریکی ٹی وی پر پہلی بار 2002 میں ایک میڈیکل ڈرامہ سیریز جنرل ہسپتال میں نظر آئیں۔ اس کےبعد انہوں نے ٹی وی سیریز کرائم سین انویسٹی گیشن (سی ایس آئی) ، ود آؤٹ آ ٹریس اور کیسل میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ہیری اور میگن سنہ 2016 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں تاہم ستمبر 2017 میں وہ پہلی مرتبہ جوڑے کے طور پر دنیا کے سامنے آئے تھے اور نومبر 2017 میں دونوں کی منگنی ہوئی تھی۔ میگن مارکل برطانوی شاہی خاندان کی اب تک کی بہوؤں سے الگ ہیں۔ وہ نہ صرف ایک اداکارہ ہیں بلکہ امریکی بھی ہیں۔ وہ طلاق یافتہ ہونے کے علاوہ مخلوط النسل بھی ہیں

مس مارکل کی یہ پہلی شادی نہیں ہوگی۔ ستمبر 2011 میں انہوں نے فلم پروڈیوسر ٹریور اینجلسن سے شادی کی لیکن دوسال بعد یہ شادی ختم ہوگئی۔ ان کے سابق شوہر اب نیا ٹی وی شو بنا رہے ہیں اور اس کا پلاٹ ایک شخص کی سابقہ بیوی کی حراست کی قانونی جنگ سے متعلق ہے جن کی دوسری شادی برطانوی شاہی خاندان میں ہوئی ہے

 


شہزادہ ہیری سے منگنی کے بعد اُنہوں نے اپنے کیرئر کو خیرباد کہہ دیا اور برطانوی شاہی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے تمام اکاؤنٹ بند کر دیے۔