بھارتی سیاستدان ششی تھرور اہلیہ قتل کیس میں عدالت طلب

Last Updated On 06 June,2018 06:03 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ۔ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی چارج شیٹ میں ششی تھرور کو اپنی اہلیہ کو خودکشی پر مجبور کرنے کے لیے ملزم قرار دیا گیا ہے۔ جس کی روشنی میں عدالت نے ششی تھرور کو عدالت طلب کرلیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی عدالت نے بھارتی رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور کو ان کی اہلیہ سنندا پشکر کے قتل کیس میں 7 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ ششی تھرور کی اہلیہ جنوری 2014 میں ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔

 پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں کانگریس رہنما ششی تھرور پر آئی پی سی کی دفعہ 498 اےاور 306 عائد کی گئی ہے۔ دفعہ 489 اے کے تحت زیادہ سے زیادہ 3 سال کی قید اور 306 کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 سال کی جیل ہوسکتی ہے۔

بھارتی سیاست دان ششی تھرور کے وکیل وکاس پھاوا نے عدالت کی جانب سے ششی تھرور کو بطور ملزم طلب کرنے کے فیصلے کو غیر حقیقی اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چارج شیٹ کی کاپی حاصل کرنے کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرادی ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کریں گے۔

ششی تھرور انڈیا کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگرس کے رکن پارلیمان ہیں۔ انھوں نے سنہ 2010 میں دبئی کی ایک کاروباری خاتون سنندنا پشکر سے شادی کی تھی۔ 17 جنوری سنہ 2014 کو دہلی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں سنندنا کی لاش پائی گئی تھی۔

سنندنا پشکر کی موت سے قبل یہ دونوں ٹوئٹر پر پیغامات کے باعث تنازع کا شکار ہوئے جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ ششی تھرور کا ایک پاکستانی صحافی خاتون سے افیئر ہے۔ تاہم بعد ازاں ششی تھرور اور سنندنا نے اصرار کیا کہ وہ ہسنی خوشی رہ رہے ہیں اور یہ ٹویٹس ان کی مرضی سے نہیں کی گئی تھیں۔