ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان ملاقات کا مقام طے

Last Updated On 06 June,2018 09:05 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ٹرمپ اور کم جونگ ان کی ملاقات سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا کے پُر تعیش ہوٹل کپیلا میں ہو گی۔

بین الاقوامی میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی ملاقات سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا میں 12 جون کو ہو گی۔ امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے لیے سنگاپور کے سرسبز اور خوبصورت جزیرے سینٹوسا کا انتخاب کیا گیا۔ تاریخی ملاقات کے لیے خوشگوار ماحول اور خوبصورت مقام کا انتخاب مذاکرات کی اہمیت اور افادیت کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق گو 12 جون کو ہونے والی ملاقات سینٹو سا کے ہوٹل کپیلا میں ہو گی لیکن ملاقات سے قبل دونوں سربراہان علیحدہ علیحدہ ہوٹل میں قیام کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شنگریلا ہوٹل اور کم جونگ اُن سینٹ ریگس ہوٹل میں قیام کریں گے۔ یہ دونوں ہوٹل جزیرے سینٹوسا کے وسط میں واقع ہیں جہاں قریب ہی مشہور شاپنگ سینٹر بھی واقع ہے۔