بیت المقدس: (ویب ڈیسک )مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے عہد تمیمی کے رشتہ دار کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے قصبے نبی صالح میں اسرائیلی فوج نے پتھراؤ کے الزام میں گھر میں چھاپہ مار کر 21 سالہ ازدان تمیمی نامی نوجوان کو شہید کر دیا۔
فلسطینی سماجی رکن نے بتایا کہ ازدان قابض فوج نے گردن میں3 گولیاں ماریں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ اسرائیلی فوجیوں کوگھونسے مارنے سے شہرت پانے والی لڑکی عہد تمیمی کے گاؤں میں پیش آیا۔ اسرائیلی ریاست کے داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد ارڈان نے دھمکی دی ہے کہ اگر غزہ کے اندر سے آتش گیر کاغذی جہازوں کے اڑائے جانے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو فلسطینی مزاحمتی قیادت کو چن چن کر قتل کرنے کی پالیسی دوبارہ اختیار کی جاسکتی ہے ۔ قابض فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس میں ماہ رمضان المبارک کے دوران روزہ رکھنے والے مسلمانوں کو سحری کے لیے جگانے والے رضاکاروں کی گرفتاریوں اورجرمانوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔ادھر برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں فلسطینی مظاہرین کی شہادتوں پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔برطانوی وزیراعظم نے یاہو سے کہا کہ برطانیہ اسرائیل کے حق دفاع کوتسلیم کرتا ہے مگر 30مارچ سے اب تک فلسطینیوں کی شہادتوں میں اضافہ افسوسناک ہے ۔