بیت المقدس کی آزادی مسلم امہ کےتعاون کے بغیر ناممکن: حزب اﷲ

Last Updated On 09 June,2018 08:30 pm

بیروت: (روزنامہ دنیا) حزب اﷲ لبنان کی سیاسی کونسل کے رکن حسن حب اﷲ نے کہا ہے کہ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی امت مسلمہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔امت مسلمہ امریکہ و اسرائیل کے ساتھ سفارتی ، اقتصادی اور سیاسی تعلقات ختم کردے تو مسئلہ فلسطین بہت جلد حل ہوجائے گا۔

امریکہ ، اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرنے سے مسئلہ فلسطین جلد حل ہوگا، یہ بات حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے رکن حسن حب اللہ نے کہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ یوم القدس کی بنیاد رکھ کر امام خمینی نے پوری دنیا کو فلسطین کے ساتھ جوڑ دیا۔ یوم القدس کے موقع پر پوری دنیا فلسطینی عوام کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔  امام خمینی کی انقلابِِ اسلامی کی کامیابی سے پہلے بھی فلسطین پر گہری توجہ تھی اور اسی وجہ سے فلسطین کی حمایت اور امداد میں ایران کا اہم کردار نظر آتا ہے۔