سری نگر: (دنیا نیوز) رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کو سرینگر میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ ان پر سنہ 2000ء میں بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ حملے میں ان کا سیکیورٹی گارڈ بھی مارا گیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہے۔
سری نگر میں سینئر صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر کو موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ شجاعت بخاری کو گھر سے دفتر جاتے وقت نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق انہیں نزدیک سے کئی گولیاں ماری گئیں۔ گولیوں کی زد میں آ کر ان کا سیکیورٹی گارڈ بھی مارا گیا جبکہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔