سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج عید کے دن بھی ظلم سے بازنہ آئی، عید کی نماز کے بعد بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔
مقبوضہ وادی میں عیدالفطر کی نماز کے بعد کشمیریوں نے بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی۔ شرکاء نے بھارت مخالف اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، نوجوانوں نے پاکستان کے جھنڈے بھی تھام رکھے تھے۔ قابض فوج نے احتجاج کرتے کشمیریوں پر فائر کھول دیئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوگیا جبکہ جھڑپوں میں متعدد زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں پر آنسو گیس اور شیل پھینکے، مقبوضہ کشمیر میں نامور صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے بعد صورتحال کشیدہ ہے۔