ممبئی: (دنیا نیوز) ممبئی حملے بھارت کا خود ساختہ ڈرامہ تھا، حملوں سے بھارت کو امریکہ، اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کا موقع ملا۔ چشم کشا کتاب "دی بیٹرائل آف انڈیا " کے مصنف کی لندن میں تقریب سے خطاب، بھارت کے مکروہ پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا۔
بھارت کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب، جرمن مصنف نے ممبئی حملوں کا پول کھول دیا۔ لندن انسٹی ٹیوٹ آف ساؤتھ ایشیا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے "دی بیٹرائل آف انڈیا" کتاب کے جرمن مصنف مسٹر ڈیوڈسن کا کہنا تھا کہ ممبئی حملے بھارت کا خود ساختہ ڈرامہ تھا۔ جو پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے رچایا گیا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈسن نے کہا کہ ان حملوں سے بھارت کو اسرائیل اور امریکہ سے تعلقات بڑھانے کا موقع ملا۔ برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی اداروں سے ممبئی حملوں کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے مقاصد کے لیے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، لیکن ڈیوڈسن کی تحقیقات نے بھارت کے پروپیگنڈے کا پردہ چاک کر دیا ہے۔