سری نگر (دنیا نیوز ) مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی دوسری برسی پر مظاہروں سے خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کر دیا۔ سڑکوں پر قابض فوج اور پولیس کے اضافی دستے تعینات کر دیئے گئے۔
کشمیر کی جدوجہد آزادی کے ہیرو برہان وانی کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔ آزادی پسند رہنماؤں کی کال پر آج وادی بھر میں مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جانی تھیں لیکن خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کرفیو نافذ کر دیا۔
سرینگر سمیت تمام اہم شہروں میں قابض فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور گشت بڑھا دیا ہے۔ میصومہ، کرال خورد، خانیار، مہاراج گنج سمیت مختلف علاقوں میں داخلی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
برہان وانی شہید کے آبائی قصبے ٹرال جانے والی سڑک کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، اشروف صحرائی، یاسین ملک سمیت اہم رہنما گھروں میں نظربند ہیں۔