ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی فورسز نے منگل کوجازان کی جانب داغے گئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے۔ سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے منگل کو یمن سے حوثی شیعہ باغیوں کے جنوب مغربی شہر جازان کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے۔
حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے قبل ازیں یہ اطلاع دی تھی کہ بدر 1 میزائل سے جازان اکنامک سٹی کو ہدف بنایا گیا تھا ۔اس شہر میں سعودی آرامکو تیل صاف کرنے کا ایک کارخانہ لگا رہی ہے۔ توقع ہے کہ یہ کارخانہ 2019ء تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔ فوری طور پر حوثیوں کے اس میزائل حملے میں کسی مالی یا جانی نقصان کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یمن کے دارالحکومت صنعاء اور بعض دوسرے شہروں پرقابض ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے حالیہ مہینوں کے دوران میں سعودی شہروں کی جانب بیسیوں میزائل داغے ہیں۔ ان میں سے بیشتر کو سعودی عرب کی دفاعی فورسز نے فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے۔
حوثی ملیشیا نے گذشتہ منگل کو جنوبی صوبے جازان کی جانب ایک راکٹ فائر کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پانچ سالہ بچہ زخمی ہوگیا تھا۔ ایرانی رجیم نے حوثیوں کی فوجی صلاحیت میں اضافے کے لیے ہر طرح سے حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں 2216 اور 2231کی صریح خلاف ورز ی کا مرتکب ہور ہا ہے۔اس کے مہیا کردہ ان ہتھیاروں سے سعودی عرب کے علاوہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں۔