سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز نے گھر گھر تلاشی کے دوران چھ افراد کو شہید کر دیا، قابض فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے جنازے پر بھی فائرنگ کر دی جس سے بیس افراد زخمی ہو گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر قابض بھارتی افواج نے ضلع شوپیاں پر دھاوا بول دیا، سرچ آپریشن کے نام پر کپواڑہ اور سوپور میں مزید چھ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔
شہدا کے جنازے اٹھے تو کہرام مچ گیا، جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے بھارت مخالف نعرے بازی کی اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین سبز ہلالی پرچم لہرا کر آزادی کے حق میں آواز بلند کرتے رہے۔
شہید بلال احمد خان کے جنازے میں جمع افراد پربھارتی فوج نے فائر کھول دیا جس سے درجنوں کشمیری زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔ تین دن میں شہداء کی تعداد گیارہ ہو گئی ہے۔