ایران سے کاروبار کرنیوالے امریکی تجارت سے محروم ہو جائیں گے، ٹرمپ

Last Updated On 08 August,2018 07:00 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کے ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنے کے اعلان پر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے تجارت کرنے والے امریکا سے تجارت سے محروم ہوجائیں گے، انکی دھمکی روس، یورپ سمیت متعدد ممالک کے ایران کے ساتھ تجارتی روابط جاری رکھنے کے اعلان پر سامنے آئی ہے۔

ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد نیا محاذ کھلنے کا امکان ہے۔ روس، یورپی یونین برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا ایران سے تجار ت جاری رکھنے کا مشترکہ اعلان سامنے آتے ہی صدر ٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والوں کو امریکی مارکیٹ سے محروم کرنے کی دھمکی دے دی۔

سوشل میڈیا پر پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے کاروبار کرنے والے امریکا سے تجارت نہیں کر سکیں گے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے بھی ایران سے جوہری معاہدے کی پاسداری کی حمایت کر دی۔

ادھر روس نے امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران سے تجارتی تعلقات برقرار رکھے گا۔