افغانستان: بلخ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے 8 افراد ہلاک

Last Updated On 08 August,2018 05:00 pm

بلخ: (ویب ڈیسک) افغان میڈیا کے مطابق صوبے بلخ میں ضلع شولگرہ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے 8 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ دھماکے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

صوبے بلخ کے پولیس چیف شرجان درانی نے کہا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ایک کار سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز آلے سے ٹکرائی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعہ کو افغانستان کے شہر گردیز کی مسجد میں دو خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، گردیز میں 2 خودکش بمباروں نے مسجد میں خود کو اڑایا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی رواں ماہ جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں خودکش حملوں، دھماکوں اور شدت پسندوں کے حملوں کے نتیجے میں 1692 عام شہری ہلاک ہوئے۔