نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا نے اپنی ہی عوام کو افغان جنگ کے معاملے پر دھوکے میں رکھا، امریکی اخبار نے حکومت کے 44 فیصد حصہ طالبان کے زیر تسلط ہونے کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
امریکی اخبار کے مطابق افغان سرزمین پر امریکی فوج کی موجودگی کا جواز فراہم کرنے کے لیے اعدادوشمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا رہا۔ ملک کا 61 فیصد حصہ طالبان کے قبضے میں ہے جبکہ امریکی حکام 44 فیصد کے دعوے کرتے رہے۔
نیویارک ٹائمز کی تحقیقات کے مطابق افغان فوج کے ایک تہائی اہلکار نوکری چھوڑ چکے ہیں۔ افغان جنگ اور تعمیر نو میں امریکا اب تک 8 سو 40 ارب ڈالر جھونک چکا ہے۔ 22 سو سے زائد امریکی فوجی بھی اس خونی جنگ کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ افغانستان میں کھربوں ڈالرز اور ہزاروں فوجی گنوانے کے باوجود امریکہ ناکامی سے دوچار ہے۔