نئی دہلی(آن لائن)بھارتی ائیر فورس کے وائس چیف ائیر مارشل نے خود کو گولی مار لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سریش دیو نے غلطی سے خود کو گولی ماری، انکی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی افواج کی پسماندہ حالت ایک لمبے عرصے سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ نامساعد حالات کے باعث بھارتی فوجی یا تو نوکریاں چھوڑ رہے ہیں یا وہ خود کشی کرکے اپنی ہی زندگی کی ڈور کاٹ رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال درجنوں بھارتی فوجیوں نے خودکشی کرلی تھی،تاہم گزشتہ روز بھارتی ائیر فورس کے وائس چیف ائیر مارشل سریش دیو نے بھی خود کو گولی مار کر زخمی کر لیا ۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق وائس چیف ائیر مارشل سریش دیو نے غلطی سے خود کو گولی ماری اور اس کے بعد انہیں زخمی حالت میں دارالحکومت نئی دہلی میں موجود اسپتال پہنچا دیا گیا۔ اسپتال میں انکی سرجری کی گئی اور اب ڈاکٹرز کے مطابق انکی حالت پہلے سے بہتر ہے اور خطرے سے باہر ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا اور ڈاکٹرز کی جانب سے امید ظاہر کی جارہی ہے کہ وائس چیف ائیر مارشل سریش دیو جلد صحت یاب ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ وائس چیف ائیر مارشل سریش دیو نے حال ہی میں جولائی کے ماہ میں وائس چیف ائیر مارشل کے عہدے پر بی ایس دھنووا کی جگہ سنبھالی تھی جو اب بھارتی ائیرفورس کے سربراہ ہیں۔