افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 25 افراد ہلاک

Last Updated On 31 October,2018 06:09 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس پر سوار تمام پچیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں صوبائی کونسل کے سربراہ، کونسل کی ایک خاتون رکن اور ایک ڈپٹی کور کمانڈر بھی شامل ہیں۔

افغان صوبے فراہ کے گورنر کے ترجمان ناصر مہری نے بتایا کہ آج صبح دو ہیلی کاپٹر ہمسایہ صوبے ہرات کی جانب روانہ تھے کہ اُن میں سے ایک گر کر تباہ ہو گیا۔

فوری طور پر یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ اس فوجی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی وجوہات کیا تھیں۔ ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کا سامنا تھا لیکن طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی ان کی ایک کارروائی کے نتیجے میں ہوئی ہے۔

تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر پر کل تئیس افراد سوار تھے جبکہ دونوں پائلٹ بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے ایک رکن خیر محمد نور زئی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبائی کونسل کے سربراہ فرید احمد بختاور اسی کونسل کی خاتون رکن جمیلہ امینی اور مغربی افغانستان کے ڈپٹی کور کمانڈر نعمت اللہ خلیل بھی شامل ہیں۔

افغانستان کے جن علاقوں میں طالبان کی موجودگی زیادہ ہے، ان علاقوں میں اعلیٰ حکومتی اہلکار زیادہ تر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی سفر کرتے ہیں۔ رواں برس ستمبر میں بھی فراہ صوبے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا تھا۔ اُس ہیلی کاپٹر میں ہتھیاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور کم از کم چار افراد مارے گئے تھے۔