شنگھائی: (دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ گلوبلائزیشن نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کر دیا، چین درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، تمام ممالک کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
شنگھائی میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی (مصنوعی ذہانت ) نے دنیا بھر میں انقلاب برپا کر دیا ہے، گلوبلائزیشن کے باعث جنگل کے قانون کا خاتمہ ہوا، اس وقت دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے۔
صدر شی جن پنگ نے کہا تمام ممالک کیلئے چین کے دروازے مزید وسیع کریں گے، درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا چین دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا چاہتا ہے، تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ یک طرفہ نظام کے خلاف متحدہ ہو جائیں۔
صدر شی جن پنگ نے کہا چین دنیا کے لیے اپنے دروازے بند نہیں کرے گا، ہم اقوام عالم کے لیے تجارت کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کریں گے، چین دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو فروخ دے گا۔ نمائش میں 130 ممالک کے مندوبین اور 2800 کمپنیاں شریک ہیں۔ صدر شی جن پنگ کہا چین کی درآمدات آئندہ 15 سال میں 30 ٹریلین ڈالر ہوجائیں گی۔