بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، وزیر اعظم عمران خان دورے میں صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سمیت اعلیٰ سیاسی حکام سے ملاقاتیں کرینگے، اہم دورے میں مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر بھی دستخط ہونگے۔
وزیراعظم عمران خان عوامی جمہوریہ چین کے پہلے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید اور مشیر تجارت عبد الرزاق، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر چینی وزیر ٹرانسپورٹ اور حکام نے پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر اعظم دورے میں صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سمیت اعلیٰ حکام اور وفود سے ملاقاتیں کرینگے، دورے میں مختلف شعبوں میں معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ وزیر اعظم کا چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کی افتتاحی تقریب میں خطاب اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ چین دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور باہمی شراکت داری کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔