اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے دورہ پاکستان کے دوران وزیرِاعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، پاکستان کومسلم امہ کے درمیان تنازعات پر تشویش ہے۔ یمن کے عوام کے مسائل ختم ہونے چاہیں، فریقین رضامند ہوں تو پاکستان یمن کے معاملے پر ثالثی کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھیجا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو ایرانی صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ نے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران مشکل کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران سرحد امن کی سرحد تصور کی جاتی ہے، اسے مزید پُرامن بنائیں گے۔ مسئلہ کشمیر پر حمایت کرنے پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشکور ہیں۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات باہمی اعتماد اور یکجہتی پر مبنی ہیں، دوستی خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔