ثالثی میں اہم پیشرفت، یمنی سفیر ہنگامی دورہ پر سعودیہ روانہ

Last Updated On 21 November,2018 03:04 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان کی یمن میں ثالثی کے حوالے سے اہم پیش رفت ، یمنی سفیر محمد مطاہر الشہبی ہنگامی دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔

سعودی عرب میں اپنے دورے میں جہاں یمنی صدر منصور الہادی کو وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچائیں گے وہاں پرسعودی حکام سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے یمن پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے جہاں سرکاری سطح پر سفارتکاری شروع کر رکھی ہے وہاں پر فریقین کے ساتھ رابطوں کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی بھی جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یمنی صدر کی حکومت سے سرکاری سطح پر رابطوں کے بعد پاکستان کے حوثیوں کے ساتھ بھی رابطے استوار ہوئے ہیں۔ پاکستان نے یمن میں دیرپا امن کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کی حمایت کر رکھی ہے اور پاکستان، یمن تنازع کا سیاسی حل چاہتا ہے۔

پاکستان انسانی ہمدردی کے تحت یمن کیلئے امداد میں تیزی کا حامی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یمنی سفیر کو پاکستان کی یمن پالیسی اور خصوصاً ثالثی کے حوالے سے مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا تھا جس کے مطابق پاکستان یمن تنازع کے فریقین کو مذاکرات کیلئے میزبانی کی پیشکش کر چکا ہے جبکہ فریقین چاہیں تو پاکستان امن فارمولا بھی دے سکتا ہے۔
 

Advertisement