اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی انتہاپسند حکمران جماعت بی جے پی آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔ پاکستان کے خلاف جنگی جنون میں تیزی کا امکان ہے اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو دبانے کیلئے خونریز فسادات کرائے جا سکتے ہیں۔ بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے گھناؤنا منصوبہ خود ہی دنیا کو بتا دیا۔
مودی سرکار کا آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے گھناؤنا پلان تیار، پاکستان کے خلاف جنگی جنون ابھارنے اور بھارتی مسلمانوں کو سنی، شیعہ، وہابی میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ حکومتی کارکردگی کو انتخابی نعرہ بنانے کے بجائےعوام کے جذبات بھڑکانے کے فیصلے پر مشتمل بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے اپنی الیکشن پالیسی خود ہی بے نقاب کر دی۔
سبرامنیم سوامی نے تسلیم کیا کہ بی جے پی نے 2014 کا الیکشن بھی ہندوؤں کو اکٹھا کر کے اور مسلمانوں سمیت اقلیتوں میں تفریق ڈال کر جیتا تھا۔ مودی سرکار کی کارکردگی کو عوام نےپانچ ریاستوں کےحالیہ انتخابات میں مسترد کر دیا اور بی جے پی کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے چند ماہ بعد لوک سبھا الیکشن کا سیمی فائنل قرار دیا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کےمطابق انتہا پسند ہندو جماعت نے اسی لئے آئندہ الیکشن، مذہبی منافرت کی بنیاد پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ پانچ ماہ کے دوران ہندوستان میں مذہبی فسادات اور پاکستان سے سرحد پر چھیڑچھاڑ بھی ہو سکتی ہے۔