کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں قیام امن سے متعلق مذاکرات کیلئے طالبان نے ملا عبدالغنی برادر کو قطر میں سیاسی دفتر کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے امریکہ سے مذاکرات کے مختلف دور ہوئے ہیں جن میں افغانستان میں امن قائم کرنے کے حوالے سے تمام فریقین نے شرکت کی ہے تاہم تاحال کوئی نتیجہ خیز حل برآمد نہیں ہو سکا۔ طالبان نے قطر سے قریبی تعلقات کے سبب اب ملاعبدالغنی برادر کو مشیر برائے سیاسی معاملات اور قطر میں سیاسی دفتر کا سربراہ مقرر کر دیا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ مذاکرات کو مثبت سمت دینے میں مدد ملے گی۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ملاعبدالغنی برادر کو امریکا سے جاری مذاکرات کی پائیداری اور معاملات کو بہتر طریقے سے انجام دہی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان نے ہمسایہ ملک میں لڑائی کے خاتمے کے لئے جذبہ خیر سگالی کے طور پر 2010 میں گرفتار ہونے والے ملا برادر کو رہا کر دیا تھا۔