لاہور: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ اور امریکا نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ روس نے بھی پاکستان اوربھارت کےمابین ثالثی کی پیش کش کر دی۔
ویتنام سے فلپائن کے سفر پر صحافیوں سے گفتگو میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت رہنماؤں سے بات چیت کی ہے اور کسی بھی ایسے اقدام سےگریز کا کہا ہے جس سے جنگ کا خطرہ بڑھ جائے۔
دوسری جانب روس نے بھی پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی ہے، بھارتی وزیراعظم سے ٹیلی فونک گفتگو میں صدر پیوٹن نے پاک بھارت کشیدگی کے جلد خاتمے کی امید کا اظہار کیا۔
ادھراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگٹرس نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کےاعلان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستانی کاوش کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔