نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ریٹائرڈ رام داس نے پاکستان پر فضائی حملے کو غلط قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ افواج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
بھارتی وزیراعظم کی جارحانہ پالیسیوں پر سابق بھارتی فوجیوں کی جانب سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئیں ہیں۔ بھارتی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ریٹائرڈ رام داس نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ افواج سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔ سابق سربراہ نے کہا ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان میں فضائی حملے کو غلط استعمال کیا گیا۔
ادھر بالا کوٹ حملے میں ہلاکتوں کا ثبوت مانگنے پر مودی اپوزیشن کے سامنے بے بس ہوگئے۔ نریندر مودی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے سیاسی مقاصد کے لئے بیانات دیئے جا رہے ہیں، ایسے بیانات پاکستان کا ہتھیار بن رہے ہیں۔
کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی نے اتنے جھوٹ بولے جتنے تمام وزرائے اعظم نے ملکر بھی نہ بولے ہونگے، مودی نے ملک غلط طریقے سے چلایا، بے روزگاری بڑھی، خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ ہوا۔