سعودی شہر ابھا پر ڈرون حملہ، پاکستان کا اظہار مذمت

Last Updated On 10 March,2019 02:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں سعودی شہر ابھا پر ڈرون حملے کی مذمت اور سعودی افواج کی جانب سے حملے کو ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، اس ڈرون حملے میں چند افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر ابھا پر بغیر پائلٹ طیارے سے حملہ کیا گیا تاہم سعودی افواج نے طیارے کو بروقت نشانہ بنا لیا۔ طیارے کے ملبے کی زد میں آ کر چند افراد زخمی ہوئے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں سعودی افواج کی جانب سے طیارے کو نشانہ بنانے پر خراج تحسین اور ڈرون حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں ڈرون طیارے کے ملبے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والے تارکین وطن اور مقامی شہریوں سے اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔

’’حکومت پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مملکت کے استحکام اور الحرمین الشریفین کی سلامتی کو کسی بھی خطرے کی صورت میں پاکستان کبھی ریاض کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ عام شہری آبادی کو نشانہ بنانے والے یمنی باغیوں کے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ ایسی کارروائیاں علاقائی امن اور سلامتی کے لئے کھلا چیلنج ہیں۔
 

Advertisement