تین چوتھائی بھارتیوں کیلئے پاکستان خطرہ

Last Updated On 27 March,2019 09:35 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) بھارت میں کرائے گئے ایک تازہ مطالعے میں یہ سامنے آیا ہے کہ عوام کی اکثریت آئندہ نسل کیلئے میسر اقتصادی مواقع اور ملک جس سمت بڑھ رہا ہے، اس سے خوش ہیں۔ بھارت جس سمت بڑھ رہا اور جس راہ پر گامزن ہے، اس سے ملک کے اکثریتی شہری خوش ہیں۔ یہ انکشاف ‘پیو ریسرچ’ کی جانب سے پیر پچیس مارچ کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

بھارتی عوام کی اکثریت آئندہ نسل کیلئے دستیاب اقتصادی مواقع سے بھی خوش ہے گو ان معاملات پر پہلے کے مقابلے میں شہریوں کے اطمینان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بھارت میں گزشتہ برس کے وسط میں کرائے جانے والے اس سروے میں 2521 افراد سے ان کی رائے جانی گئی۔ ملازمت کے مواقع کی کمی اب بھی بھارتی عوام کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ سروے میں شامل 75 فیصد سے زائد افراد کا کہنا تھا وزیر اعظم نریندر مودی کے دور میں اس صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، گو کہ ملازمت کے مواقع میں اضافہ ان کا ایک مرکزی وعدہ تھا۔

سروے میں شامل افراد کے تین چوتھائی حصے کا ماننا ہے کہ پاکستان، بھارت کیلئے ایک خطرہ ہے۔ انسٹھ فیصد کی رائے میں دہشت گردی پچھلے چند برسوں میں بڑھی ہے ۔ تاہم اس مطالعے کے نتائج کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں فروری میں ہونیوالے حملے سے قبل بھی پاکستان اور دہشت گردی سے متعلق خدشات و خوف نمایاں تھا۔ اس سروے میں اپنی رائے دینے والوں کی 54 فیصد تعداد کا کہنا تھا ملک میں جمہوریت جس طرح چل رہی ہے، وہ اس سے مطمئن ہیں۔

بھارت میں 11 اپریل سے عام انتخابات کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات جیتنے کیلئے ‘فیورٹ’ تو قرار دیا جا رہا ہے لیکن اپنے سیاسی حریفوں پر ان کی سبقت کم ہوتی جا رہی ہے۔ رائے عامہ کے چند تازہ جائزوں کے مطابق یہ امکان بھی ہے کہ ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار سنبھالنے کیلئے واضح برتری حاصل نہ کر پائے۔تاہم پلوامہ حملے کے تناظر میں روایتی حریف ملک پاکستان کے ساتھ سامنے آنے والی کشیدگی کے سبب بنیادی مسائل سے توجہ ہٹ کر قومی سلامتی سے متعلق امور پر مرکوز ہو گئی ہے۔

اس صورتحال سے مودی اور ان کی قوم پرست جماعت کو غالباً فائدہ ہی پہنچا ہے۔ ناقدین کئی عرصے سے تنقید کرتے آئے ہیں کہ بی جے پی ملک کی مسلم اقلیت کے ارکان میں خوف بھڑکا رہی ہے اور ہندو قوم پرست ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ بی جے پی اس الزام کو رد کرتی ہے۔ بھارتی کی آبادی 1.3 بلین افراد پر مشتمل ہے ، جس میں سے 14 فیصد مسلمان ہیں۔