نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا کا مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کے خلاف سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں روس، چین اور فرانس سمیت تمام رکن ممالک نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
اجلاس کے دوران روسی سفیر نے خبردار کیا کہ امریکی اقدام سے مشرق وسطیٰ مزید عدم استحکام کا شکار ہو گا، جبکہ فرانس کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہمیشہ تباہی کی طرف لے جاتی ہے۔
چین نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی انیس سو اکاسی کی قرار داد میں گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کے زیر قبضہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ سلامتی کونسل کا اجلاس شام کی درخواست پر طلب کیا گیا تھا، اس سے پہلے سعودی عرب، عرب امارات ، بحرین ، قطر اور کویت نے بھی گولان کو اسرائیل کا علاقہ تسلیم کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عرب علاقہ ہے جس پر اسرائیل نے قبضہ کیا ہوا ہے۔