لاہور: (دنیا نیوز) یورپی پارلیمنٹ کے 50 ارکان نے نریندر مودی کو خط ارسال کیا ہے جس میں کشمیر میں بھارتی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، یورپی پارلیمنٹیرینز نے مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق بھارت فوری طور پر جموں کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال بند کرے، انسانی حقوق سے متصادم قوانین کا خاتمہ کرے، بھارت پیلٹ گنز سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔
یورپی اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم مودی سے مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت پیلٹ گنز کے واقعات کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دے، خط میں پیلٹ گن سے متاثر ہونے والی کمسن بچی کے زخمی ہونے کی بی بی سی کی رپورٹ کا بھی حوالہ بھی دیا گیا ہے۔