کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہے، اس برائی کو ختم کرنا ہے. ملک میں تشدد اور نفرت کی کوئی جگہ نہیں. ایسے مذہب کے افراد کو نشانہ بنایا گیا جو سب کو کہتا ہے 'السلام علیکم' یعنی تم پر سلامتی ہو۔ انہوں نے کہا متاثرہ خاندانوں کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، پورا ملک غم میں برابر کا شریک ہے۔
نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد آج دوسرا جمعہ ہے۔ اس حوالے سے مسجد النور کے سامنے واقع ہیگلے پارک میں قومی یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔
اس دعائیہ تقریب میں کیوی اور آسٹریلوی وزرائےاعظم سمیت 59 ممالک کے سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مذاہب اور کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ پُرامن ملک میں نفرت و تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔ ایسے مذہب کے افراد کو نشانہ بنایا گیا جو سب کو کہتا ہے "السلام علیکم" یعنی تم پر سلامتی ہو۔ دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہے، اس برائی کو ختم کرنا ہے۔
وزیراعظم جیسنڈا نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ پورا ملک ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ جیسنڈا آرڈرن نے اپنی تقریر کا آغاز اور اختتام شرکا کو السلام علیکم کہہ کر کیا۔