کرائسٹ چرچ حملے کا زخمی ترک شہری چل بسا

Last Updated On 03 May,2019 04:41 pm

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) سانحہ کرائسٹ چرچ کا ایک اور زخمی چل بسا۔ نماز جمعہ کے شہداء کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں نماز جمعہ کے دوران دو مساجد پر سفید فام عیسائی دہشتگرد حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 50 افراد شہید کر دیئے تھے جبکہ اس دوران 40 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق زخمیوں کا علاج ہسپتال میں جاری تھا جس کے بعد ایک اور زخمی (جس کا تعلق ترکی سے تھا) زندگی کی بازی ہار گیا۔ شہید ہونے والا ترک شہری انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھا۔ مرنے والے کی عمر 46 سال بتائی جا رہی ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جاسنڈا آرڈرن کے مطابق مرنے والے شخص ترکی کا شہری تھا جو مسجد میں حملے کے دوران شدید زخمی ہو گیا اور اس کا علاج ہسپتال میں جاری تھا۔ ہم امید کر رہے تھے کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں گے تاہم وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

دوسری طرف ترکی کے وزیر خارجہ نے ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ افسوس کیساتھ لکھ رہا ہوں کہ ہمارا ایک شہری نیوزی لینڈ میں شہید ہو گیا جو النور مسجد حملے میں زخمی ہو گیا تھا۔ اس حملے میں شہید ہونے والے ترک شہریوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
 

Advertisement