نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر اپنے ہی میزائل کا نشانہ بن کر گرا، انکوائری رپورٹ کے مطابق میزائل داغنے کے 12 سکینڈ بعد ہیلی کاپٹر کو جا لگا جس سے پانچ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
دنیا نیوز کے مطابق 27 فروری کو پاکستان کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کے دوران بھارتی ایئر فورس نے غلطی سے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا جو گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
اس واقعے کی انکوائری رپورٹ تیار ہو چکی ہے جس کے مطابق ہیلی کاپٹر پر داغا جانے والا میزائل سری نگر ایئر بیس سے فائر کیا گیا تھا، تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق میزائل سسٹم پاکستان طیاروں کے لیے ہائی الرٹ تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بھارتی میزائل سسٹم پاکستانی طیارے اور اپنے ہیلی کاپٹر میں تمیز نہ کر سکا اور بد حواسی کے عالم میں فیکٹ چیکنگ کیے بغیر ہی میزائل چھوڑ دیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے والا میزائل سسٹم بھارتی ائیر فورس کا جدید ترین سسٹم ہے۔
دوسری طرف بھارتی وزارت دفاع نے غلطی سے اپنے ہی Mi-17ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے انڈین ایئر فورس کے آفیسر کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سری نگر میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ذمہ دار کیخلاف مجرمانہ غفلت برتنے پر محکمانہ تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، یہ کارروائی فوجداری قوانین کے تحت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ممکنہ آئینی اقدامات اور قوانین پر غور کیا جا رہا ہے۔
کورٹ آف انکوائری کی انویسٹی گیشن کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سری نگر میں تباہ ہونے والا Mi-17 ہیلی کاپٹر غلطی سے انڈین ایئر فورس کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی زد میں آگیا تھا جس پر ایئر آفیسر کمانڈنگ سری نگر ایئر بیس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ کے طیارے نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی حدود میں گھس آیا تھا جس کے بعد پاک فضائیہ کے طیاروں کی بر وقت اڑان کے بعد دشمن کا طیارہ بھاگنے پر مجبور ہو گیا تھا۔
پاک فضائیہ نے اس سے اگلے ہی دن بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔ جس کے بعد ایک پائلٹ ابھی نیندن کو گرفتار کیا گیا تھا۔
In response to PAF strikes this morning as released by MoFA, IAF crossed LOC. PAF shot down two Indian aircrafts inside Pakistani airspace. One of the aircraft fell inside AJ&K while other fell inside IOK. One Indian pilot arrested by troops on ground while two in the area.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) February 27, 2019