ٹوکیو: (ویب ڈیسک) ایران پر امریکی پابندیاں معطل کرانے کے لیے فرانس متحرک ہو گیا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کا کہنا ہے کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ کئے گئے جوہری معاہدے سے کسی صورت باہر نہ نکلے۔ کوشش کروں گا کہ تہران پر لگنے والی امریکی پابندیوں کو معطل کیا جائے۔
جاپان میں جی 20 سمٹ میں شرکت میں آنے والے فرانسیسی صدر نے ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسن روحانی کے ساتھ گفتگو ہوئی، میں نے انہیں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے نکلنے کے خلاف تنبیہ کر دی ہے۔ چند روز قبل ہونے والی گفتگو میں صدر حسن روحانی پر واضح کر دیا تھا کہ اگر تہران دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے نکلا یا اس نے اس ڈیل کی خلاف ورزی کا کوئی اشارہ بھی دیا تو یہ ایک سنگین غلطی ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جی ٹی 20 اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوشش کروں گا کہ جوہری معاہدے کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ کوشش کروں گا کہ ایران پر عائد پابندیاں معطل کرائی جائیں اور خطے میں بڑھتے ہوئی کشیدگی کو بات چیت سے کم کیا جائے۔ ہم امن کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی ٹوئنٹی کی دو روزہ سمٹ میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے ہیں۔ دنیا کی 20 ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑی معیشتوں پر مشتمل گروپ کا سربراہی اجلاس جاپان کے شہر اوساکا میں جمعے اور ہفتے کو ہو گا۔ اس سمٹ پر چین امریکی تجارتی تنازعے کے سائے چھائے رہنے کا خدشہ ہے۔
دوسری طرف اوساکا میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت کئی عالمی رہنماؤں سے اجلاس کے حاشیے پر علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔