امریکا نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کامیاب قرار دے دیئے

Last Updated On 26 July,2019 05:30 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے مابین اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں کے مابین مثبت اور کامیاب مذاکرات ہوئے۔ اب پاک امریکا تعلقات میں پیشرفت کا وقت آ گیا ہے، افغان امن عمل میں امریکا کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان مورگن اورٹیگس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان ملاقات انتہائی اہم تھی، دونوں رہنماوں کے درمیان خطے سے متعلق اہم امور زیر غور آئے جبکہ مجموعی طور پر مذاکرات مثبت اور کامیاب رہے۔ وزیراعظم عمران کی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ اب پاک امریکا تعلقات میں پیشرفت کا وقت آ گیا ہے۔

مورگن اورٹیگس کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں امریکا کی نیت پرشک نہیں کیا جا سکتا۔ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں امریکا نےافغانستان میں اربوں ڈالرخرچ کیے جبکہ نیٹو فورسز نے بھی قربانیاں دیں تاہم خطےمیں امن کے لیے کوئی حتمی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے۔