انٹر بینک: امریکی ڈالر 13 پیسے مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں بڑی مندی

Last Updated On 28 July,2019 10:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 13 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر مستحکم رہی۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر دیکھی گئی۔

 

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز امریکی ڈالر مزید 13 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 160 روپے 58 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

 

دوسری طرف انٹر بینک کے مقابلے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جس کے بعد ملک بھر کی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر 160 روپے 70 پیسے پر برقرار رہی۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی غیر یقینی صورتحال کے بادل چھائے رہے اور بڑی مندی دیکھی گئی۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز حصص مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر دیکھی گئی جس کے باعث ایک روز میں سٹاک مارکیٹ کے کاروبار میں 1.07 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32446.40 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم ملک بھر میں جلسوں اور غیر یقینی صورتحال کے باعث مندی نے ڈیرے ڈال لیے، مندی کے باعث ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 32031 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس دوران انویسٹرز کی بڑی تعداد نے مارکیٹ میں دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کیا اور سرمایہ لگانے سے گریز کیا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 343.13 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، گراوٹ کے بعد 100 انڈیکس 32446 پوائنٹس کی سطح سے گر کر 32103.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔