ڈالر 30 پیسے مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی، سونا کی قیمت مزید بڑھ گئی

Last Updated On 19 July,2019 06:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں امریکی ڈالر کی اونچی اُڑان سے روپیہ دوبارہ ہلکان ہونا شروع ہو گیا ہے، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 30 پیسے مزید بڑھ گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی ڈالر کی قدر میں تیزی دیکھی گئی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 30 پیسے مہنگی ہوئی جس کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی ڈالر 160 روپے 70 پیسے کا ہو گیا۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ کی طرح انٹر بینک میں ڈالر کی پرواز جاری ہے، انٹر بیک میں امریکی کرنسی 17 پیسے مزید بڑھ کر 160 روپے 19 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی معاشی پالیسیوں میں اصلاحات جاری ہیں جن کی موجودہ نظام کے ساتھ پوری طرح مطابقت پیدا ہونے کیلئے کچھ وقت درکار ہو گا جس کے بعد ہی صنعتی و دیگر شعبے اپنی اصل شکل میں بحال ہوتے نظر آئیں گے اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہو سکے گی۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد دوبارہ تیزی دیکھی گئی، کاروباری آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 149.23 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی جس کے بعد حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32458.77 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔  

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 600 روپے اضافے کے بعد 84 ہزار 100 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 16 ڈالر کا اضافہ ہوا اور فی اونس قیمت 1438 ڈالر پر پہنچ گئی، ڈالر کی بڑھتی قیمت اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700 روپے اور 600 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

قیمت میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 84 ہزار 100 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 70 ہزار 85 روپے ہوگئی ہے۔
 

Advertisement