کراچی: (دنیا نیوز) کاروباری ہفتے کے دوسرے روز روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ 487 پوائنٹس کی کمی کے بعد 34 ہزار 681 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔
روپیہ ایک بار پھر جان پکڑنے لگا۔ مسلسل سات روز کی تیزی کے بعد انٹربینک میں ڈالر 16 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 80 پیسے میں بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 75 پیسے میں فروخت ہوا۔
معاشی تجزیہ کار ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی کی وجہ گورنر سٹیٹ بینک کی پریس کانفرنس بتا رہے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں اور اُمید ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کا بورڈ 3 جولائی کو پاکستان کے لئے قرض کی منظوری بھی دے دیگا جس سے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب ملک جاری سیاسی ہلچل کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مندی کا رجحان برقرار رہا۔ اختتام پر مارکیٹ 487 پوائنٹس کی کمی کے بعد 34 ہزار 681 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔