اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے اور انٹربینک میں 30 پیسے نیچے آ گیا

Last Updated On 18 June,2019 11:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک کا بیان کام کر گیا، سات روز کی مسلسل تیزی کے بعد ڈالر کے دام گرنے لگے، اوپن مارکیٹ میں قیمت 50 پیسے اور انٹربینک میں 30 پیسے نیچے آ گئی۔

کرنسی کی فری فلوٹ سے متعلق تمام خبریں دم توڑ گئیں، روپیہ ایک بار پھر جان پکڑنے لگا، مسلسل سات روز کی تیزی کے بعد ڈالرانٹربینک میں 30 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 65 پیسے میں ٹریڈ کرنے لگا، انٹربینک میں ڈالر سستا ہونے سے اوپن مارکیٹ میں بھی اس کے دام گرنے لگے، کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے کمی کے بعد 156 روپے 75 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔

معاشی تجزیہ کار ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی کی وجہ گورنر سٹیٹ بینک کی پریس کانفرنس بتا رہے ہیں جس میں ان کا کہنا تھا پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں اور اُمید ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کا بورڈ 3 جولائی کو پاکستان کے لئے قرض کی منظوری بھی دے دیگا جس کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے بھی رقوم پاکستان آنا شروع ہوجائیں گی، ڈالر کا فلو بڑھ جانے سے اس کی قیمت میں مزید کمی کی توقع ہے۔


 

Advertisement