کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران روپیہ مضبوط جبکہ ڈالر کمزور ہوا، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں قیمت ساڑھے 3 روپے تک کم ہو گئی، دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں 270 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
روپیہ جان پکڑنے لگا اور ڈالر کمزورہونے لگا، ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 3 روپے کمی کے بعد 147 روپے 91 پیسے میں بند ہوا۔ ڈالر دام گرنے سے بیرونی قرضوں کے بوجھ میں ایک ہفتے کے دوران ہی لگ بھگ 305 ارب روپے کی کمی ہو گئی۔
انٹر بینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ایک ہفتے کے دوران ساڑھے 3 روپے کمی کے بعد 149 روپے میں بند ہوا، کرنسی ڈیلرز ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ امپوٹرز کی ڈمانڈ میں کمی، ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی فروخت بتا رہے ہیں۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں پورے ہفتے صرف 270 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 100 انڈیکس 35 ہزار 970 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، شیئرز کی مالیت میں لگ بھگ 35 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ بیرونی سرمایہ کاروں نے ایک ہفتے کے دوران 1 لاکھ 89 ہزار ڈالر مالیت کے حصص فروخت کیے۔