امریکی ڈالر مزید مہنگا، اوپن مارکیٹ میں 151 روپے میں فروخت

Last Updated On 17 May,2019 10:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) روپے کے مقابلے ڈالرمزید مہنگا ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 4 روپے مہنگا ہو کر 151 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 2 روپے 48 پیسے بڑھ گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس بھی 804 پوائنٹس گر گیا۔

 

کاروبار کے دوران انٹربینک ڈالر ریٹ میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، اس طرح انٹر بینک مارکیٹ میں اب ڈالر کی 149 روپے پر بند ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 4 روپے چڑھ گیا اور تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 151 روپے پر لین دین ہوتا رہا۔ گزشتہ روز ڈالر کے ریٹ میں5 روپے 60 پیسے کا بڑا اضافہ ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 147 روپے پر بند ہوا۔ دو روز کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ملک پر عائد واجب الادا قرضوں میں 800 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا ۔۔

دوسری طرف سٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی کا رجحان رہا اور 804 پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی، 100 انڈیکس 33 ہزار 166 پوائنٹس پر بند ہوا۔ سرمایہ کار کچھ دنوں کے محتاط ررویہ اپنائے ہوئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر من و عن عمل درآمد کے بعد روپے کی قدر میں گراوٹ رکنے کا نام نہیں لے رہی، ملک میں مہنگائی کے سبب پہلے ہی عوام کا جینا دو بھر ہو چکا ہے ایسے میں ڈالر کے ریٹ میں اضافہ مہنگائی مزید بڑھنے کاباعث بنے گا۔
 

Advertisement