سٹاک مارکیٹ میں 171 پوائنٹس کی مندی، ڈالر اور سونا بھی مہنگا

Last Updated On 10 May,2019 05:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری آخری روز بھی 171 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 20 پیسے مہنگا ہو گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات میں تاخیر اور ملکی موجودہ معاشی صورتحال کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر پڑ ر ہے ہیں۔ ملک میں بے یقینی کی صورتحال کے باعث سرمایہ کار حصص کی خریداری کے بجائے فروخت میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز 171 پوائنٹس کی مندی دیکھی۔ گراوٹ کے باعث 100 انڈیکس 34 ہزار 716 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 50 پیسے اضافہ سے 142 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 142 روپے 70 پیسے میں فروخت ہوا۔ دو دن کے دوران اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 1 روپے 10 پیسے مہنگا ہوا جبکہ انٹر بینک میں امریکی ڈالر تین دن کے دوران 25 پیسے مہنگا ہوا۔ انٹر بینک میں امریکی ڈالر 3 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 141 روپے 40 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔

دریں اثناء سونے کی خریداری میں بھی سرمایہ کار کود پڑے۔ گولڈ ڈیلرز کے مطابق سونا کی قیمت میں 1200 روپے فی تولہ اضافہ ہو گیا جس کے بعد فی تولہ سونا کی قیمت 69 ہزار 200 روپے ہو گئی۔
 

Advertisement