کراچی: (دنیا نیوز) اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے، انٹر بینک مارکیٹ میں 47 پیسے مہنگا ہو گیا. ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بیرونی قرضے 46 ارب روپے تک بڑھ گئے اور مہنگائی میں بھی مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
روپیہ دن بہ دن کمزور ہو رہا ہے اور ڈالر جان پکڑ رہا ہے۔ مہنگائی کا طوفان ہے جو مستقل آگے بڑھ رہا ہے۔ کاروباری دن کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر اچانک 47 پیسے اضافے سے 140 روپے 75 پیسے میں ٹریڈ کرنے لگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے اضافے سے 141 روپے 90 پیسے کے ریٹ تک پہنچ گیا جس کے نتیجے میں بیرونی قرضے صرف ایک روز میں ہی 46 ارب روپے بڑھ گئے۔
ڈالر کی قیمت میں اضافے سے امپوٹرز کے تو ہوش ہی اُڑ گئے۔ بیرونی ممالک سے خریدا جانے والا مال اب مزید مہنگا ہوگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی میں براہ راست اضافہ ہوگا، درآمدی اشیاء جس میں دالیں، کھانے کا تیل، خشک دودھ، پیٹرول، ڈیزل، ایل این جی ، الیکٹرونکس مصنوعات، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں وغیرہ سب کچھ مزید مہنگا ہوجائے گا۔