روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، سٹیٹ بینک کی سخت مانیٹرنگ کی یقین دہانی

Last Updated On 18 June,2019 05:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی سخت مانیٹرنگ کی یقین دہانی کراتے ہوئے مصنوعی طور پر روپے کی قدر کو بڑھانے اور کم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کر لیا۔

سٹیٹ بینک میں ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے وفد کا اجلاس ہوا جس میں سٹیٹ بینک کے ڈائریکٹرز نےایکس چینج ایسوسی ایشن کے وفد کو یقین دہانی کرائی کے فری فلوٹ کے باجود روپے کی قدر کو آزاد نہیں چھوڑا جائیگا اور فری فلوٹ کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائیگی۔ اس کے ساتھ زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ کی سخت مانیٹرنگ بھی کی جائیگی۔

اس موقع پر ایکس چینج ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے درآمدی خام تیل کی موخر ادائیگیوں کی سہولت سے معیشت کو سہارا ملے گا۔ آئی ایم ایف سے قرض منظور ہونے کے بعد اے ڈی بی، عالمی بینک اور اسلامی ترقیاتی بینک بھی قرضے منظور کریں گے۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ گورنر سٹیٹ بینک کے پیغام سے ڈالر کی قدر میں دوبارہ کمی شروع ہو گئی ہے۔
 

Advertisement